ایم کیو ایم کی جانب سے آج سے احتجاجی تحریک کا باضابطہ آغاز کردیا گیا، سندھ حکومت کے خلاف رکشوں اور گاڑیوں پر بینرز آویزاں کردیے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سمیت شہری سندھ کے ساتھ زیادتیوں پر ایم کیو ایم پاکستان نے احتجاجی تحریک کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی سمیت اندرون سندھ زیادتیوں کے خلاف احتجاجی بینرزاورآگاہی مہم چلائی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ حکومت کے فیصلوں اور زیادتیوں کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں چوکوں اورچوراہوں پراحتجاجی بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں، جب کہ رکشوں، ٹیکسیوں اور مسافرگاڑیوں پر بھی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے احتجاجی بینرز میں کراچی کے وسائل پر قبضہ ، کراچی پر ڈاکو راج نامنظور کے نعرے درج کئے گئے ہیں، اور جعلی ڈومیسائل پر بھرتیاں، کرپٹ اور غیر مقامی پولیس کی بے دخلی اور کراچی کو اس کے حصے کا پانی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوسرے حصے میں ریلیاں، مظاہرے اور وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ بھی شامل ہے۔