وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نےکہا ہےکہ بقر عید پر ویسی پابندیاں نہیں لگانا چاہتے جیسی عید الفطر پر لگائی تھیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح 11 فیصد سےگرکر 4 فیصد پر آگئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوشش ہےکہ جولائی تک اتنی ویکسینیشن ہوجائےکہ بندشوں کی ضرورت نہ رہے، بقر عید پر ویسی پابندیاں نہیں لگانا چاہتے جیسی عید الفطر پر لگائی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جون میں ایک کروڑ اور جولائی میں ایک کروڑ ویکسین پاکستان پہنچیں گی، اس سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگوانا چاہتے ہیں، ویکسین کو لوگوں تک پہنچانے کی بڑی مہم شروع کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کل این سی او سی کے اجلاس میں میڈیا کے مالکان اور اینکرز کو آگاہی مہم کے لیے دعوت دی ہے۔