مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب میں ہمت ہے تو کیمرے لگا کر تفتیش کریں، نیب کو سینکڑوں ارب کے حکومتی کیسز نظر نہیں آتے، نیب وہ ادارہ ہے جس نے ناقابل یقین پاکستان کو نقصان پہنچایا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی کی کوشش کی جا رہی ہے، تین دن پہلے آزاد کشمیر کا منتخب رکن اسمبلی توڑ کر پی ٹی آئی میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے آزاد کشمیرکا الیکشن دو ماہ کیلیے ملتوی کرنے کیلیے خط لکھا ،این سی او سی کا الیکشن سے کیا تعلق ہے ، این سی او سی الیکشن میں تاخیر کی بات کر رہا ہے ، کیا یہ آئینی ہے ۔ آزاد کشمیر انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ آزاد کشمیر میں انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ این سی او سی الیکشن سے متعلق خط واپس لے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم امن کی باتیں کر رہے ہیں ، پہلے ملک میں تو امن قائم کریں، لوگوں کو گھروں میں گھس کا مارا جاتا ہے ، اغوا کیا جاتا ہے ۔ ن لیگ کی سیاست آئین کی سیاست ہے ، ووٹ کو عزت دو شہباز شریف کا بھی نعرہ ہے ، آئین کے مطابق ہمارے اصولوں کو مفاہمت سمجھیں یا کچھ اور، ہمارا اصول آئین کا ہے ، ہم اسی اصول پر کھڑے ہیں ، شہباز شریف پارٹی کے ہر فیصلے میں شامل ہیں ، شہباز شریف کی وہی سیاست ہے جو ان کی پارٹی کی سیاست ہے ۔