مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ماڈل ٹاؤن کچہری پیش کیا گیا ۔عدالت نے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 جون تک توسیع کردی ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احسن رضا نے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 جون تک توسیع کی ، عدالت نے استفسار کیا کہ جاوید لطیف کے مقدمے میں چالان سے متعلق کیا رپورٹ ہے جس پر جیل حکام کی جانب سے کہا گیا کہ چالان کا تعلق تفتیش سے ہے ، ہم نے ملزم کو جیل سے عدالت پیش کیا ہے ۔
عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 9 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر27 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔