بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فرنٹیئر کور پر گزشتہ شب ہونے والے حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی۔
وزیرداخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو کے مطابق کوئٹہ کے مشرق میں تقریباً 70 کلو میٹر دورمارواڑ کے قریب اسماعیل زیارت کے مقام پر ایف سی پر حملے میں 7 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ میں داخل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی میتیں سی ایم ایچ لائی گئیں اور ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔
ضیاء لانگو کے مطابق گزشتہ شب فرنٹیئر کور بلوچستان کی غازہ بند اسکاوئٹس 129 ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 10 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ ایف سی کے جوانوں نے بھر پور مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد مارے گئے۔
پیر31مئی کی شب کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرنے 4 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ”ایف سی کی جوابی کارروائی میں 4 سے 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 7 سے 8 زخمی ہوئے ہیں۔