سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی معاونت کے الزام میں بیان قلمبند کرانے کیلئے کل بروز ہفتہ سول لائن تھانہ سی ٹی ڈی طلب کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے جاری ایک نوٹس کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن تھانے میں ایک ایف آئی آر نمبر 54 کے تحت دو ملزمان نعیم خان اور عمران احمد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نوٹس کے مطابق گرفتار ملزمان نے اپنا تعلق پاکستان دشمن بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ظاہر کیا ہے۔
تفتیشی افسر انسپکٹر ظفر عباس کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را‘ سے ان کا رابطہ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کرایا تھا۔
اس ضمن میں ڈاکٹر فاروق ستار کو جاری نوٹس میں 5 جون کی دوپہر 12 بجے بنفس نفیس تفتیشی افسر کے روبرو تمام دستیاب شواہد کے ساتھ پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما انیس ایڈووکیٹ کو بھی طلب کیا ہے۔
اس حوالے سے فاروق ستار کا کہناہےکہ کوئی نوٹس نہیں ملا، نوٹس ملااور تفصیلات بتائی گئیں تو جانے کا فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کو گرفتارکیا تھا،گرفتار دہشتگرد نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد نے اپنا تعلق فاروق ستارسے ظاہر کیا تھا، فاروق ستار کی طلبی کا نوٹس ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔