سندھ حکومت پنشن کے بڑھتے اخراجات سے پریشان ہو گئی، صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی جلد ریٹائرمنٹ پر پابندی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ریٹائرمنٹ کیلئے کم سے کم پچیس سال سروس اور پچپن سال عمر لازمی قرار دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے ملازمین کی تعداد چار لاکھ 93 ہزار سے زائد ہے، ان کی ماہانہ تنخواہ 90 ارب روپے سے زائد بنتی ہے. پینشن بل 13 ارب 30 کروڑ روپے ہے.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پینشن بل کم کرنے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں، اگر موجودہ طریقہ سے ادائیگیاں کی جاتی رہیں تو 10 سال کے بعد پینشن بل سیلری بل سے بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پینشن اسکیم کا اطلاق اب سے نئی بھرتی کیے جانے والے ملازمین پر ہوگا۔