کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی۔
سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 14937 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 925 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس طرح صوبے بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.2 فیصد ریکارڈ گئی۔
محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹ کے تناسب سے کراچی میں کورونا کی مثبت شرح 12 سے بھی تجاوز کرگئی جو 12.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 9.23 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 16 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔
واضح رہےکہ کراچی کے تاجروں نے آج رات سے 8 بجے تک کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے جب کہ سندھ حکومت نے شام 6 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔