گزشتہ 24گھنٹوں میں 838نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔فائل فوٹو
 گزشتہ 24گھنٹوں میں 838نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔فائل فوٹو

پاکستان میں کورونا سے مزید 76 افراد جاں بحق

مہلک کورونا وائرس کے خونی وار جاری ہیں ، ملک بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 76 پاکستانی کورونا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 629 کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اموات کےبعد کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 265 ہو گئی جبکہ کورونا کے متاثرین کی تعداد 9 لاکھ 32 ہزار 140 ہو گئی  ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 ہزار 427 ٹیسٹ کیے گئے ، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.10 فیصد رہی ۔

این سی او سی کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کورونا سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا صوبہ ہے ، جہاں تین لاکھ 42 ہزار 192 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا جن میں سے تین لاکھ 17 ہزار 190 افراد صحتیاب ہوئے جبکہ 10 ہزار 290جان کی بازی ہار گئے۔ پنجاب میں 14 ہزار 712 مریض زیر علاج ہیں ۔

سندھ میں تین لاکھ 23 ہزار 72 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ، دو لاکھ 94 ہزار 257 افراد کورونا کو شکست دیکر صحتیاب ہوئے اور پانچ ہزار 116افراد مقابلہ نہ کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے, سندھ میں 23 ہزار 699 افراد زیر علاج ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں  ایک لاکھ 34 ہزار 321 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ، چار ہزار 318 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک لاکھ 25 ہزار 859 افراد صحتیاب ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں چار ہزار 318 افراد زیر علاج ہیں ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 81 ہزار 700 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ، 765افراد جاں بحق ہوئے جبکہ تین ہزار 61 افراد تاحال زیر علاج ہیں۔بلوچستان میں 25 ہزار 729  افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے، 289 اموات ہوئیں اور ایک ہزار 137 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ 24 ہزار 303 افراد صحتیاب ہوئے ۔

گلگت بلتستان میں پانچ ہزار 633 افراد میں کورونا پایا گیا ، 107 افراد جان بحق اور107  ہی زیر علاج ہیں ۔ پانچ ہزار 419 افراد نے مہلک وائرس کو شکست دی ۔ آزاد جموں و کشمیر میں 19 ہزار 493 افراد کورنا کا شکار ہوئے جن میں سے 18 ہزار 209 نے مہلک وائرس کو شکست دی،554 افراد کورونا کے خلاف جنگ لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے ۔ ریاست میں 730 مریض زیرعلاج ہیں۔