وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے اور باہر نکل گئے جس کا وزیر اعظم کو شدید دکھ ہے ، شہباز شریف کو ہم نے روک لیا اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے ۔ عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا ، وزیر اعظم مقدر کے سکندر ہیں جنہیں انتہائی نکمی اور نا اہل اپوزیشن ملی ۔
اسلام آباد میں سی ڈی اے میڈیکل سینٹر جی 9 مرکز میں ویکسی نیشن سینٹرکے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران ڈبلیو ایچ او نے زبردست کام کیا ، وزیر اعظم عمران خان نے بروقت درست فیصلے لیے، وزیراعظم کی قیادت میں پوری قوم نے کورونا کا مقابلہ کیا اور تاریخ رقم کی ، پاکستان کے ہیلتھ کیئراسٹاف نے بہت بڑا کام کیا ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین نے ویکسین تیار کرنے میں ہماری مدد کی ، عوام میں اب ویکسی نیشن کا رجحان پیدا ہو رہا ہے، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں ویکسی نیشن کاعمل بہتر ہے ،بھارت میں نو ویکسین کا بورڈ لکھا ہے جبکہ پاکستان میں ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے ، اسلام آباد میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے ۔
بجٹ سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین دھڑے کے تمام ووٹ عمران خان کے بجٹ کو پڑیں گے ، 11 جون کو بجٹ انشا اللہ ضرور پاس ہوگا، مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جار ہا ہے ۔