رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔فائل فوٹو
رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔فائل فوٹو

دونوں ٹرینوں میں ایک ہزار 269 افراد سوار تھے۔ریلوے حکام

روہڑی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینوں میں ایک ہزار 269 افراد سوار تھے ، حادثے سے پہلے 118 افراد روہڑی اور دیگر اسٹیشنوں پر اترے تھے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس میں  مجموعی طور  765 مسافر سوار تھے ، اے سی بزنس میں 52، اکانومی کلاس میں 713 مسافرموجود تھے ۔ حادثے کے وقت ملت ایکسپریس میں 635 مسافر موجود تھے ۔ جبکہ کراچی سے آنے والی سر سید ایکسپریس میں 504 افراد سوار تھے ۔

ترجمان ریلوے کے مطابق روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثے کی جانب روانہ کر دی ہے ۔ سکھر ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ سینٹر قائم کئے گئے ہیں ۔ زیادہ تر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر روانہ کیا گیا ہے ۔ ٹریک بحال ہوتے ہی ٹرینوں کو منزل کی جانب روانہ کردیا جائے گا۔

ادھر وفاقی وزیر ریلوے نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرنے کے احکامات صادر کر دیے ۔

ڈی ایس ریلوے طارق لطیف کے مطابق رات 3 بجکر 38 منٹ پر سر سید احمد ایکسپریس کی 8 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں جس کے دو منٹ بعد ملت ایکسپریس متاثرہ بوگیوں سے ٹکرا گئی، حادثے  میں اپ ٹریک کا 100 فٹ کا حصہ جبکہ ڈاؤن ٹریک کا 300 فٹ کا حصہ متاثر ہوا۔

حادثے میں زخمیوں کو سول ہسپتال گھوٹکی ، ڈہرکی ، رحیم یار خان اور پنو عاقل منتقل کیا گیا جبکہ کچھ بوگیوں کو کٹر سے کاٹ کر زخمیوں اور میتوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔