وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وزیر ریلوے اعظم سواتی سے استعفے کے مطالبے کو بے تکا قرار دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے، وزیر خامیاں اوراس کا حل بتاتا ہے، وزیر کی ہدایت پر عملدرآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمے دار بھی ہوگا۔
انہوں نے سابق وزیر ریلوے کا نام لے کر کہا کہ سعد رفیق کے گناہ پراعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہوگا تو حادثات میں کمی آئے گی، حادثے کی وجوہات پر اتنی جلدی کوئی بیان نہیں دے سکتا، جائے حادثہ پرامدادی کارروائیاں جاری ہیں اورابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔