ملت ایکسپریس کی بوگیاں صبح 3 بج کر 38 منٹ پر ٹریک سے اتریں۔فائل فوٹو
ملت ایکسپریس کی بوگیاں صبح 3 بج کر 38 منٹ پر ٹریک سے اتریں۔فائل فوٹو

ٹرینوں کے حادثے میں جاں بحق افراد کی 62 ہوگئی

گھوٹکی کے علاقہ ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اورملت ایکسپریس میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی 62 ہوگئی جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں، 47 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

گزشتہ علی الصبح سکھر ڈویژن میں ریتی ریلوے سٹیشن کے قریب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اترکر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں اورمخالفت سمت راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس دو منٹ بعد ہی ان سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 12 بوگیوں کو نقصان پہنچا جن میں 8 بوگیاں ملت ایکسپریس اور4 بوگیاں سر سید ایکسپریس کی شامل ہیں۔

ڈی ایس ریلوے طارق لطیف کے مطابق ملت ایکسپریس کی بوگیاں صبح 3 بج کر 38 منٹ پر ٹریک سے اتریں اوراس کے ٹھیک 2 منٹ بعد ہی سرسید ایکسپریس متاثرہ بوگیوں سے ٹکراگئی۔ انجن تلے دو بوگیاں دب گئیں۔ ان کے مطابق حادثے میں دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور محفوظ رہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی عمر طفیل نے بتایا کہ واقعہ میں معمولی زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔

سرسید ایکسپریس کے ڈرائیور اعجاز احمد نے کہا کہ رات 3 بج کر 40 منٹ پر کراچی سے آنے والی ٹرین کے ڈبے گرے ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر بریک لگانے کی بہت کوشش کی لیکن گاڑی نہیں رکی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوجائیگا کہ میں جاگا ہوا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر پانچ اور چھ سرسید ایکسپریس کے انجن کی زد میں آئی تھیں جن سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کیلیے چھوٹی مشینری کے ذریعے بوگیوں کو کاٹا گیا۔