ٹرین آپریشن اپ ٹریک سے بحال کردیا گیا۔فائل فوٹو
ٹرین آپریشن اپ ٹریک سے بحال کردیا گیا۔فائل فوٹو

ڈہرکی ٹرین حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل

گزشتہ روز پیش آنے والے اندوہناک ٹرین حادثے کے بعد 30 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والا ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن اپ ٹریک سے بھی بحال کردیا گیا ہے۔

حادثے کا شکار انجن اور 17 کوچز اٹھا لی گئیں، جبکہ ٹرینیں بحال کردی گئیں۔ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کے مطابق 29 گھنٹے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔

ڈی ایس ریلوے سکھر نے بتایا کہ اتوار سے رکی ٹرینیں اب منزل مقصود کی طرف چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے مسافروں سے معذرت خواہ ہے کہ انہیں حادثے کے باعث پریشانی اٹھانا پڑی

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹرینوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔طارق لطیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ سے 35 مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق زکریا ایکسپریس حادثے کے مقام پر پہنچ گئی،جسے کچھ دیر میں ٹریک سے گزارا جائے گا، جبکہ متاثرہ ڈاؤن ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق ہوئے۔