لاہورہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے آٰڈٹ کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کوکارروائی سے روک دیا۔عدالت نے ایف بی آر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیرترین کی شوگرملزآڈٹ کیخلاف دائردرخواست پرسماعت ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزارکی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ایف بی آر نے 21 مئی کو آڈٹ کرنے کا نوٹس بھجوایا، جس میں انکم ٹیکس سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈمانگا گیا ہے۔ایف بی آر کو پانچ سال بعد آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ایف بی آر کو کارروائی سے روکاجائے اور آڈٹ نوٹس کالعدم قرار دیاجائے۔
عدالت نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے آڈٹ کے لیے ایف بی آر کے نوٹسز پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ایف بی آر سے جواب طلب کرلیا۔