پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے تھے کہ مہنگائی تب بڑھتی ہے جب حکمران کرپٹ ہوں،آج سب سے بڑے کرپٹ آدمی خود عمران خان ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی پی رہنما شازیہ مری کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے معاشی اعدادو شمارپراعتبارنہیں،حکومت انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کربجٹ تیارکررہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کوایوان میں لایاجائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دعویٰ کرتے تھے کہ ملک کا ایک بچہ اتنے اتنے لاکھ کا مقرو ض ہے،یہ کہتے تھے کہ مہنگائی کم کرو اورکرپشن ختم کرومگر ابھی تک عمران خان نے نہ مہنگائی ختم کی ہے اور نہ کرپشن ختم کی ہے۔