مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں بجلی ہے نہیں اور ریٹ دگنا کردیے گئے ہیں ،آج سستے پلاٹس کیوں نہیں چل رہے ، مہنگے پلانٹس کیوں چل رہے ہیں ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فرنس آئل پر چلنے والے پلانٹس ڈیزل پر چلائے جا رہے ہیں ، بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 24 ہزار میگاواٹ ہے ، آج 3 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے ۔ اگر ن لیگ بجلی نہ بناتی تو ملک میں 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ، عوام اس وقت بھی لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں ۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ گردشی قرض ایک ہزار ارب سے بڑھ کر دو ہزار ارب ہو گیا ہے ،وزرا کے بیانات اور حقائق متصادم ہیں ، ملک کے حکمران معاملات سے بے پرواہ ہیں ۔