وزیر خزانہ شوکت ترین آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں سہ پہر چار بجے بجٹ پیش کریں گے جبکہ وفاقی بجٹ کی دستاویزات پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچا دی گئیں۔وزیرخزانہ موجودہ مالی سال کی سپلیمنٹری گرانٹس فار ڈیمانڈ ایوان کے سامنے رکھیں گے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ بجٹ دستاویزکے مطابق وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے مقرر کیاگیا ہے، وفاقی وزارتوں کو 672 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گا۔
بجٹ دستاویزکے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کو 4 ارب 29 کروڑ،کابینہ ڈویژن کو 56ارب 2 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گاجبکہ وزارت تعلیم وتربیت کیلیے 9 ارب اورہائرایجوکیشن کمیشن کے لیے37 ارب روپے کاترقیاتی بجٹ مقررکیا گیا ہے۔
دستاویزکے مطابق وزارت آئی ٹی 8 ارب روپے اور وزارت خزانہ 94 ارب روپے روپے ترقیاتی کاموں پرخرچ کرے گی جبکہ وزارت صنعت و پیداوارکے لیے3 ارب اور وزارت قانون و انصاف کے لیے 6 ارب کا ترقیاتی بجٹ مقررکیا گیا ہے۔