وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی کے ریڈ زون میں واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی کاغذات پر پاکستان میں داخل ہونے والے ایرانی نژاد امریکی شہری کو گرفتار کرلیا، حکام کاکہنا ہے کہ امریکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیااوراس میں ملوث نیٹ ورک کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کی کراچی کے ریڈ زون میں واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں کارروائی کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک ایران سے پاکستان میں فعال ہے اور15 ہزار ڈالر میں جعلی کاغذات پر پاکستان میں بآسانی داخل ہواجاسکتا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ایرانی نژاد امریکی شہری جعلی کاغذات پر پاکستان داخلے پر گرفتارہوا، ایرانی نژاد امریکی شہری اپنے ملک ایران گیا تھا جہاں اس کے کاغذات ضبط کرلیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ اس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو15ہزارڈالر دیےاور جعلی کاغذات پر پاکستان با آسانی پہنچ گیا،کراچی پہنچنے کے بعد اس نے امریکی قونصلیٹ سے اپنا پاسپوٹ بھی حاصل کرلیا، اطلاع ملنے پر ایف آئی اے نے کارروائی کرکے اسے گرفتارکرلیا۔