وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں ہفتے میں دو دن کاروبار کی بندش کی بجائے ایک روزہ بندش پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہفتے میں دو روزہ بندش کی بجائے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ایک روز کیلیے کاروبار بند کیا جائے،وزیراعلیٰ نے سارا ہفتہ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف اتوار کے روز کاروبار بند رہے گا۔
زیر اعلیٰ سندھ مراد علی شا ہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحا ل کے بارے میں کہا کہ سندھ میں عالمی وباءسے متاثرہ مریضوں کی تشخیص کی شرح4.5فیصد پر آگئی ہے اور ہسپتالوں پر بھی اب کچھ دباﺅ کم ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے جون میں اب تک 192 مریض انتقال کرگئے ہیں،12 جون کوبیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے 37 ہزارٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 80مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
راد علی شاہ نے بتا یا کہ کراچی میں کل 9.5فیصد نئے کیسز سامنے آئے،حیدر آباد میں تشخیص کی شرح5.65فیصد ہے، صو بے کو اب تک 30لاکھ 35ہزار 998کورونا ویکسین کی خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس بھی لے لیا اور متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی اور وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کی ہدایت کی ۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کرپشن یا نا اہلی برداشت نہیں کریں گے ۔