پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی گروتھ کا ڈھنڈورا پیٹاجا رہا ہے،اگراس ملک کے عوام کی جیب خالی ہے تو پھر سمجھ جائیں کہ بجٹ کے اعدادوشمار جعلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کاش ریاست مدینہ کا ذکر اور مثا ل دینے والے حکمران غربت کی لیکر سے نیچے بسنے والے کروڑوں پاکستانیوں کو اپنی مدد کا ہاتھ دیتے،کاش وہ بیوہ اور یتیموں کا ہاتھ تھام لیتے اوران کی دعائیں لیتے،مگرافسوس ایسا نہیں ہوا،حکومت کا ڈھنڈورا ہے کہ ترقی ہوئی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مجھے لگتاہے کہ ترقی صرف بنی گالہ میں رہنے والوں کی یا ان کے حواریوں کی ہوئی ہیں کیوں کہ غریب تو مفلسی میں جھلس گئے ہیں اوران کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔
بعدازاں شہباز شریف کی تقریرکے دوران حکومتی اراکین کی جانب سے شور شرابہ شروع کیا گیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اجلاس 20منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔