صوبائی وزیر سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی جانب سے سانحہ گھوٹکی اور خضدار کے متاثرین کی مالی مدد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ گھوٹکی ٹرین حادثے کے جاں بحق افراد کو فی کس پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خضدار حادثے کے متاثرین کی بھی کسی نے مالی مدد نہیں کی،خضدار میں جاں بحق ہونے والے افراد کو پانچ لاکھ اور زخمیوں کوا یک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے،مالی امداد متاثرین کے پیاروں کا نعم البدل نہیں لیکن اس سے ان کی پریشانی کم ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے،احساس پروگرام کا راگ الاپنے والے حادثاتی اموات میں بھی متاثرین کی مدد نہیں کرتے۔ہم منتظر رہے کہ وفاقی حکومت کو شاید احساس ہو اور مدد کے لیے آگے بڑھے،افسوس ہے کہ یہ بے حس لوگ ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ غریب عوام کا درد رکھنے والا ایک ہی لیڈر بلاول بھٹو ہے۔