الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواستوں پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے وکیل کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستا ن تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینیٹر فیصل واوڈ ا کی نااہلی سے متعلق دائر کی گئی درخواستوں پر سماعت آٹھ جولائی تک ملتوی کردی۔؎
الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ فیصل واوڈا کے وکیل کراچی میں ہونے کے باعث پیش نہ ہوسکے۔
درخواست گزار کے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا نے 3 سال ہائی کورٹ میں ضائع کیے ہیں اور پھر استعفیٰ دے کر سینیٹر بن گئے ہیں، رشید اے رضوی نے درخواست کی کہ الیکشن کمیشن مناسب سمجھے تو ہماری درخواست کو الیکشن ٹربیونل بھیج دے۔
ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے فیصل واوڈا کے وکیل کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب کوئی تاریخ نہیں دی جائے گی۔