بغیرنوٹس دیے آپریشن کیا جارہا ہے، کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔مظاہرین۔فوٹو سوشل میڈیا
بغیرنوٹس دیے آپریشن کیا جارہا ہے، کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔مظاہرین۔فوٹو سوشل میڈیا

الہ دین پارک ۔تجاوزات کیخلاف آپریشن۔ہنگامہ آرائی۔4افراد زخمی

کراچی۔ سپریم کورٹ کے حکم پرانتظامیہ کی جانب سے الہ دین پارک اورپویلین اینڈ کلب میں تجاوزات گرانے کاعمل جاری ہے پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے۔

پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی اوران پرلاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ بھی کی جس سے4 افراد زخمی ہو گئے۔

تجاوزات آپریشن کے دوران  مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کر دیا۔الہٰ دین پارک اورپویلین اینڈ کلب کے باہر پولیس نے دکانداروں پرلاٹھی چارج کیا جس کے باعث 4 مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہنگامہ آرائی کے باوجود محکمہ انسدادِ تجاوزات نے ہیوی مشینری کے ذریعے تجاوزات کو گرانا شروع کر دیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران نیپا سے جوہر موڑ جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

الہ دین پارک کے باہر مظاہرین کا کہنا ہے کہ بغیرنوٹس دیے آپریشن کیا جارہا ہے، کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری نے سماعت کے دوران پویلین اینڈ کلب اور الہ دین پارک کا شاپنگ سینٹر بھی گرانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ پولیس اور رینجرز کی مدد سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔