ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نہم اورگیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لیے جائیں گے، گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لیے جائیں گے، اور تمام امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پیپرزہوں گے۔ جب کہ پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات اسکولز میں ہوں گے، تاریخ کا اعلان اسکولزاپنے طور پر کرسکیں گے۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کے 45 روز کے بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا، نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں کے بعد کیے جائیں گے، اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کے مارکس کی بنیاد پر دئیے جائیں گے، جب کہ تھیوری امتحانات کے بعد ہی پریکٹیکلز لیے جائیں گے، پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولزاورکالجز میں ہی ہوں گے۔