قومی اسمبلی میں قائد حزب احتلاف شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتمادلانے کے معاملہ پرغورکیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات پارلیمنٹ ہاوس میں ہوئی ہے جس میں بجٹ اجلاس سے متعلق لائحہ عمل پرتبادلہ خیال بھی کیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شازیہ مری اور نوید قمر بھی ملاقات میں موجودتھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایاز صادق، راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب نے ملاقات میں شرکت کی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل کے واقعہ سے جگ ہنسائی ہوئی،حکومتی وزرا کا رویہ سب نے دیکھ لیا ہے،بلاول بھٹو اظہار یکجہتی کے لیے ان کا شکر گزار ہوں،آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ہے ، اپوزیشن مل کر مشترکہ پلان بنائے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اوراپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہیں،ان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا اس سے وزر اکی کیا عزت رہ گئی، وزیراعظم عمران خا ن اپنے وزرا کو بچوں کی طرح ہدایات دیتے ہیں،میں شہباز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔