خاتون پروفیسر کو ہراساں کرنے پر جامعہ کراچی کے سابق اسسٹنٹ پروفیسرکو 10سال قید بامشقت کی سزا سنادی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے خاتون پروفیسرکو ہراساں کرنے کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا۔ گزشتہ سماعت پرفریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق جامعہ کراچی کے سابق اسسٹنٹ فرحان کامرانی نے خاتون پروفیسرکے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا اور جعلی اکاؤنٹ میں نازیبا تصاویراپ لوڈ کی تھیں، ان تصاویراوراکاؤنٹ کے ذریعے وہ خاتون پروفیسرکو بلیک میل کر رہا تھا۔ ملزم جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کا پروفیسر تھا،خاتون پروفیسرنے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی سائبرکرائم میں مقدمہ درج کروایا تھا۔
استغاثہ عدالت میں ملزم کا جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، جس کے بعد عدالت نے مجرم کو مجموعی طورپر10 سال قید کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دے دیا۔