بلوچستان میں حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے اراکینِ صوبائی اسمبلی کا کوئٹہ میں اسمبلی کے باہر مین گیٹ پر احتجاجی کیمپ چوتھے روز بھی جاری ہے جبکہ اپوزیشن رہنماؤں نے اسمبلی کےاحاطے میں داخلی دروازے پر دھرنا دے دیا ہے۔
دھرنا دینے والوں میں ثناء بلوچ، احمد نواز بلوچ، ملک نصیر شاہوانی اوراکبر مینگل شامل ہیں۔حزبِ اختلاف کی مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکینِ بلوچستان اسمبلی صوبائی حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں مبینہ طورپر نظراندازکیے جانے کے خلاف احتجاج پر ہیں۔
حزبِ اختلاف کے اراکینِ اسمبلی کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے، ان کے حلقوں میں عوامی نمائندوں کی بجائے غیر منتخب افراد کے ذریعے ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں اور انہیں فنڈز بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔