اپوزیشن اراکین نے بلوچستان اسمبلی کے داخلی دروازے پر تالے لگا دیے،صورتحال کشیدہ ہوگئی،پولیس اہلکاروں اوراراکین میں دھکم پیل شروع ہو گئی،ہنگامہ آرائی کے باعث ابھی تک صوبائی بجٹ پیش نہیں کیا جاسکا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی بکتر بند گاڑی نےٹکر مارکر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا, پولیس اور انتظامیہ نے ایم پی اے ہاسٹل والےگیٹ کو زبردستی کھلوانے کی کوشش کی, گیٹ توڑنےکے دوران زد میں آکر اراکین اسمبلی بابورحیم اور عبدالواحد صدیقی زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے احتجاج کے باعث پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ شروع کردی ۔پولیس اور انتظامیہ سے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی ہاتھا پائی بھی ہوئی ،گھملے بھی پھینکے گئے۔
بلوچستان میں اپوزیشن اراکین نے بجٹ میں نظراندازکرنے کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے، اپوزیشن اراکین نے بلوچستان اسمبلی کے داخلی دروازے پرتالے لگا دیے اور کہا کہ بجٹ اجلاس نہیں ہونے دیں گے۔
اپوزیشن اراکین کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہم بجٹ پیش نہیں ہونے دیں گے۔
واضع رہے کہ بلوچستان میں حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے اراکینِ صوبائی اسمبلی کا کوئٹہ میں اسمبلی کے باہر مین گیٹ پر احتجاجی کیمپ چوتھے روز بھی جاری ہے جبکہ اپوزیشن رہنماؤں نے اسمبلی کےاحاطے میں داخلی دروازے پر دھرنا دے رکھا ہے۔