یتیم خانے میں گزشتہ ماہ زیادتی کا شکار ہونے والے لڑکی نے ملزم کے خلاف اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 16 سالہ لڑکی کا بیان خاتون جج کی جانب سے چیمبر میں ریکارڈ کیا گیا جسے سیل کر دیا گیاہے اور ٹرائل کے دوران کھولا جائے گا ، ملزم مہدی حسن یتیم خانے میں اکاﺅنٹنٹ ہے جو کہ کشمیر روڈ پر واقع ہے ، یتیم خانے میں لڑکی گزشتہ دس سالوں سے زندگی گزار رہی ہے ۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہیں مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے ، تحقیقات مکمل کر لی گئیں ہیں ، تفتیشی افسرنے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی ، عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور تفتیشی افسرکو دو ہفتوں میں چارج شیٹ دائر کرنے کا حکم دے دیاہے ۔
د رہے کہ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب لڑکی کی خالہ ا س سے ملنے کیلئے یتیم خانے گئی اور لڑکی نے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی داستان بتائی ، خاتون نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا ۔متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ اکاﺅنٹنٹ نے مجھے 26 مئی کو کمرے میں بلایا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔