ویکسین کی اگلی کھیپ 22 جون کو پاکستان پہنچے گی۔فائل فوٹو
 ویکسین کی اگلی کھیپ 22 جون کو پاکستان پہنچے گی۔فائل فوٹو

ملک بھر میں کورونا ویکسین کی قلت۔عوام رل گئے

ملک بھر میں کورونا ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی۔ بیشتر شہروں میں ویکسینیشن کا عمل رک گیا۔

پنجاب بھر میں کورونا ویکسینیشن کا عمل دو روز کے لیے روک دیا گیا جبکہ لاہورکے ایکسپو سینٹر میں ایسٹرازینکا ویکسین ختم ہو گئی جسے آنے میں ایک ہفتے کا وقت لگے گا اور بدنظمی کے باعث بھی ویکسینیشن کا عمل روک دیا گیا۔

سندھ میں بھی کل ویکسینیشن سینٹرز بند رہیں گے جبکہ حیدرآباد میں 19 سینٹرز بند کر دیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی کورونا ویکسینیشن کا عمل رک گیا۔

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں کورونا ویکسین کا اسٹاک صرف 5 ہزار رہ گیا ہے اور ویکسینیشن کا عمل آج ہی رک جانے کا خدشہ ہے۔ پشاور میں چاروں اقسام کی ویکسین کی قلت ہے اور موبائل ویکسینیشن سروس معطل ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں چھوٹے اضلاع سے ویکسین منگوا کر شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔ ویکسین کی اگلی کھیپ 22 جون کو پاکستان پہنچے گی اور23 جون تک صوبے میں دستیاب ہو گی۔

خیبر پختونخوا میں 24 جون سے دوبارہ کورونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔