وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیش انتخابی اصلاحات کیلیے پارلیمنٹ میں آکرتجاویزدے،ایک طرف ووٹ کوعزت کی بات کرتے ہیں،دوسری طرف ووٹرزکوٹھوکرمارتے ہیں،انتخابی اصلاحات پرپارلیمنٹ سے ہٹ کرکوئی بھی فورم مناسب نہیں،مولانافضل الرحمن جیسے لوگ چاہتے ہیں کہ سسٹم نہ چلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) ایک بدذائقہ ڈش ہے جسے یہ خود چکھ بھی نہیں سکتے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ معاملات معمول پرآگئے ہیں،قومی اسمبلی میں جو ہوا وہ قابل افسوس ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، وزیراعظم الیکشن میں شفافیت لا نے کیلیے اصلاحات چاہتے ہیں،عمران خان کرکٹ میں بھی نیوٹرل ایمپائرلےکرآئے تھے،انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پاس پارٹی کا کنٹرول نہیں ہے انہیں فیصلے کرنے کے لئے کسی کاکندھا استعمال کرنا پڑتا ہے اور وہ کبھی مریم نواز کبھی بلاول بھٹو تو کبھی کسی اور کا کندھا استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جمہوریت نہیں ، جمہوریت کے نام پرڈکٹیٹرشپ ہے،بدین ،لاڑکانہ کیلیے اربوں روپے آئے لیکن پتہ نہیں وہ پیسہ گیاکہاں؟ہم چاہتے ہیں سندھ کوجوپیسہ مل رہاہے اس کی مانیٹرنگ ہونی چاہیے،سندھ کوملنے والاپیسہ کبھی جعلی اکاوَنٹس اورکبھی لانچوں کے ذریعے باہرجاتاہے،وزیراعلیٰ سندھ سے کہوں گاآرٹیکل 140اے کے او پرعمل درآمدکرانالازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کے مسائل کوحل کررہے ہیں اورانہیں سہولتیں دینے کیلیے پرعزم ہیں، صحافیوں کو جدید کورس کرانے کے لئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں۔