وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزرا کراچی آ کر سندھ حکومت کو برا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں،فواد چوہدری جب آصف زرداری کے خلاف بیان دیتے ہیں تو میں بہت حیران ہوتا ہوں آصف زرداری نے فواد چوہدری کو پارٹی میں عزت دی اور سیاست سے روشناس کرایا،آصف زرداری اور فریال تالپورکے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اگلے الیکشن میں سندھ میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کواگلے الیکشن میں پورے ملک سے امیدوار نہیں ملیں گے، یہ ا پنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اورکرائے کے ترجمان بھاگ کراپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے اور فواد چوہدری پھرکسی اور پارٹی میں ہجرت کریں گے۔
صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ فواد چوہدری بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیر اعلیٰ سب سے بہتر ہے،فواد چوہدری کو اگر فنڈزکی مانیٹرنگ کرنی ہے تو جا کرکے پی میں کریں،انہیں بی آرٹی اور مالم جبہ کی کرپشن نہیں نظر آتی،پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنادیا ہے،وزیر اطلاعات سندھ پر پانی کی چوری کا الزام لگا کر مسئلے کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی نے گالم گلوچ، بدتمیزی اور بد اخلاقی کی سیاست کی بنیاد ڈالی ہے۔