یونیورسٹی ٹائون پشاورکی رہائشی فرسٹ ایئر کی طالبہ نے سوشل میڈیا پر دوستی قائم ہونے پر معروف ٹک ٹاکر کے ساتھ گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرلی،پشاور پولیس نے جیکب لائن سے ملزم انس کو گرفتار کرکے طالبہ کو بازیاب کرالیا،طالبہ نے پسند کی شادی کا اعتراف کرلیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائون کے رہائشی نے گزشتہ روز تھانہ ٹائون پولیس کو بتایاکہ اس کی بیٹی مسماۃ ( ت) جو گورنمنٹ اسکول میں فرسٹ ایئرکی طالبہ تھی گزشتہ روزگھر سے اسکول گئی اور واپس نہیں آئی انہوں نے بیٹی کی تلاش شروع کی تو معلوم ہوا کہ جس دن سے طالبہ لاپتہ ہوگئی تھی اسی دن اس نے کراچی کے رہائشی کے ساتھ فون پر بات کی تھی۔
پولیس نے آخری بار لڑکی کے ساتھ فون پر بات کرنے والے کراچی کے رہائشی کی تلاش شروع کی اوراس کے ساتھ بات کرنے پر دلہ زاک روڈ کے رہائشی کو شامل تفتیش کیا اوراس کی تفتیش کے بعد ہنگو کے رہائشی تک پہنچ کراس سے تفتیش شروع کی اس نے پولیس کو بتایا کہ جس لڑکی کے ساتھ بات کرنے والا شخص کراچی میں ایک پولیس افسر کا پرائیویٹ ڈرائیور ہے،اس نے پولیس کو مزید بتایا کہ ہنگو کی رہائشی خاتون کی کراچی میں شادی ہوگئی تھی جو اکثر مذکورہ ڈرائیور کے ساتھ گائوں آتی تو ڈرائیوران کے حجرے میں رات گزارتاتھا اوراس وجہ سے اس کا ڈرائیورکے ساتھ تعلق بن گیا تھا وقوعہ سے ایک روز قبل بھی ڈرائیور نے ہنگو کے رہائشی کے ساتھ فون پر بات کی تھی۔
تفتیش کے بعد ایس ایچ اوتھانہ ٹائون جاوید خان پولیس نفری کے ہمراہ کراچی پہنچے اور وہاں لڑکی کو انس نامی ٹک ٹاکر سمیت گرفتار کر لیا پولیس کاکہناہے کہ لڑکی نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ اس کی معروف ٹک ٹاکرکے ساتھ انسٹا گرام پر دوستی قائم ہو گئی تھی اس کے بعد وہ اکثر موبائل فون پر بات کرتے تھے پولیس کا کہناہے کہ ملزم ٹک ٹاکرانس انتہائی ہوشیار ہے۔
اس نے اپنی شناخت چھپانے اورگرفتاری سے بچنے کے لیے لڑکی کو اغوا کرنے سے ایک روز قبل اپنا موبائل آف کردیاتھا اور سوشل میڈیا سے اپنی تمام ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی تھی اور ڈرائیورکے موبائل فون سے رابطے کرتاتھا جو اس کی گرفتاری کا سبب بنا گزشتہ روز پولیس نے انس کر جیکب لائن تھانہ کراچی سے گرفتارکرکے طالبہ کو بازیاب کرالیا اور بعدازاں دونوں کو عدالت میں پیش کیا جہاں طالبہ نے انس کے ساتھ اپنی مرضی سے شادی رچانے کااعتراف کرلیا ۔