وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بڑا چیلنج دے دیا، پرویز خٹک نے کہا کہ انہوں نے پنجا ب پر20سال حکومت کی جبکہ میں 5سال تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہا ہوں اوراب بھی تین سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے ،شہباز شریف مناظرہ کر لیں کہ انہوں نے 20سال میں پنجاب میں کیا کر دکھایا اور ہم نے 8سال میں کیا ترقی کی ۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں کی کوئی ایک بات سچ ہوتواس پر بات کروں ، یہ جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں،ہم نے توان کی باتیں سن لیں مگر یہ نہیں سن سکتے ،نواز شریف کی کارکردگی اچھی اورہماری خراب ہو گئی یہ صرف ان کی باتیں ہیں ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں جو کام ہوئے وہ ان کی فہرست لے آئیں ،اگر ن لیگ کی کارکردگی بہتر ہوتی تو پنجاب انہیں مسترد کرتا؟ یہ عوام کی خدمت کے لیے نہیں بلکہ حکمران بننے کیلیے آتے ہیں ،ان کے دور میں کارخانے بند تھے جو آج چل پڑے ہیں،عمران خان کے صحیح فیصلوں سے ملک کی معیشت بہتر ہوئی ۔
اس سے قبل وزیر دفاع کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے لقمے دیے جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ میری بات نہیں سننا چاہتے تو باہر چلے جائیں ، میں نے اپنی تقریر پوری کرنی ہے ۔