راولپںڈی ۔شاگرد کے ساتھ زیادتی کرنے والے مفتی عزیزالرحمان کے دفاع میں گستاخانہ کلمات ادا کرنے والے مفتی اسماعیل طورو کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان راولپںڈی پولیس کے مطابق تھانہ رتہ امرال میں محمد اسماعیل طورو کے خلاف دفعہ 298 اے کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکرلیا گیا ہے۔
اسماعیل طورو نے لاہور واقعہ پر مفتی عزیز کے حق میں تقریر کی تھی جس میں اس نے مبینہ طور پر اشتعال انگیز الزام تراشی کی جس کے نتیجے میں لوگوں میں اس کے خلاف غم وغصہ تھا، جس پر ملزم کے خلاف توہین صحابہؓ کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے اسماعیل طورو کو علاقہ مجسٹریٹ اسجد علی چوہدری کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ مفتی اسماعیل طوروکی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ شاگرد کے ساتھ زیادتی کرنے والے مفتی عزیزالرحمان کے جرم کا دفاع کرتے ہوئے اتنے آگے چلے گئے تھے حدیں ہی پارکردی تھیں۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔