کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے میر پورخاص میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان گرفتارکرلیے، ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ تفتیش کے درمیان ملزمان کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے وہ بھارت سے تربیت یافتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا ہے کہ میر پورخاص میں کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں گرفتارکیے گئے ملزمان نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل اور دیگر سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ واسع جلیل اورانیس ایڈووکیٹ نے ان کی بھارت میں تربیت کراوئی ہے ، ملزمان کو اونٹ چلانے سے اسلحہ منتقلی تک ہر کام کی ٹریننگ دی گئی،بھارت سے ٹریننگ لینے والے افرادکی تعداد 6 سے زیادہ ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزمان سلیپرسیل کے طورپرکام کررہے تھے،ملزمان کا مقصد بارڈر سے اسلحہ اوردیگر سامان منتقل کرنا تھا ،بانی ایم کیو ایم کی سربراہی میں اے پی ایم ایس او اور اندرون سندھ سے لڑکوں کو بھارت بھیجنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔
عمر شاہد کا کہنا تھا کہ انیس ایڈووکیٹ کو دو باربلایااورشامل تفتیش کیا ہے ،فاروق ستارسے بھی سوال وجواب کیے تھے،انیس ایڈووکیٹ کودوبارہ طلب کیاجائےگا، تفتیش میں متعددافرادسے سوال پوچھے گئے ہیں، واسع جلیل کی گرفتاری کیلیے انٹرپول کی مددسے کوشش جاری ہے۔