مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کی صحت اور زندگی کی ضمانت دی جائے توانہیں آج شام کی پرواز سے واپس بلا لوں گی۔
اسلام آباد میں عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے لاہوردھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں جاں بحق افراد کے لیے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اورکہا کہ پاکستان کے عوام کو پولیس کی قربانیوں پر فخر ہے۔
مریم نواز نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا تیسرا بجٹ چوتھے وزیر خزانہ نے پیش کیا، کنٹینر پر چڑھ کر کہتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی، اب ان موٹرویز کو گروی رکھنے سے کون سی ترقی ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی زندگی اور صحت کی ضمانت دیں تو انہیں آج شام کی پرواز سے ہی واپس بلالوں گی۔