کراچی۔یوکرینی ایئرلائن کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کارگو ہوائی جہاز (Antonov An-225) انتونو اے این 225 ماریہ آج صبح 08:37 بجے کراچی سے برطانیہ روانہ ہوگیا۔
یہ جہازافغانستان سے اتحادی افواج کے ساز و سامان کی منتقلی کے کام پرمامور ہے، بدھ کی دوپہر کابل سے کراچی پہنچنے والا یہ جہازلگ بھگ 21 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود رہا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق انتونو اے این 225 ماریہ یوکرائن کے کییو ایئرپورٹ سے بطور پرواز نمبر اے ڈی بی 359 ایف بدھ کو علی الصباح 03:44 بجے افغان دارلحکومت کابل پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق بھاری جنگی سازوسامان کی لوڈنگ کے بعد یہ جہاز فلائٹ اے ڈی بی 3859 کے طور پر بدھ کی دوپہر کراچی اترا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 32 سال پرانے اس اسٹریٹجک جہاز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 20 گھنٹے کے زائد کا ٹیکنیکل اسٹاپ کیا اور یہ پرواز ADB-3859 آج صبح 08:37 بجے کراچی سے برطانیہ میں ایکسفورڈ شائر آر اے ایف بریز نورٹن کے لیے روانہ ہوئی ہے۔