نوازشریف فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹربیونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔فائل فوٹو
نوازشریف فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹربیونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔فائل فوٹو

ایون فیلڈ اورالعزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی اپیلیں خارج۔ سزا بحال

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اورالعزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کرکے سزائیں بحال کردیں۔

پانامہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیلوں پراسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ اورایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیلیں خارج کردیں  جس کے بعد ان کی سزائیں بحال ہو گئیں، نواز شریف پہلے ہی عدالتی مفرور قرار دیے جا چکے ہیں

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ سنایا،اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدم حاضری کی وجہ سے نوازشریف کوکوئی ریلیف نہیں مل سکتا، ان کی سزائیں بحال ہوچکی ہیں، کیپٹن (ر)صفدر،مریم نوازعدالت میں پیش ہورہے ہیں کیس سے نوازشریف کوالگ کیا گیا ہے۔

 فیصلے میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف واپس آئیں یا پکڑے جائیں تو اپیل بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ نواز شریف کے مفرور ہونے کی وجہ سے درخواستیں خارج کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس قانونی نکتے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا کہ نواز شریف کی غیر موجودگی میں ان کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کو کیسے آگے بڑھایا جائے؟۔

واضع رہے کہ نوازشریف نے احتساب عدالت سے سنائی گئی سزائوں کے خلاف اپیل کی تھی۔نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10سال اورالعزیزیہ ریفرنس میں 7سال سزا سنائی گئی تھی۔