وزیرا عظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام میں شمولیت کامعیار سروے سے کیاجاتاہے اوراحساس کے تحت چلنے والے تمام پروگرامز کو اقربا پروری اور سیاست سے پاک کردیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس کے تحت بہت سے پروگرام چل رہے جن کی ایک حد ہے، احساس کے تحت چلنے والوں پروگرامز میں احساس کفالت ہے جس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو دو ہزار روپے ماہانہ ملتا ہے اور کورونا کے دوران متعارف کرایا گیا احساس ایمرجنسی کیش بھی احساس کے تحت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس کے دائرہ کار کے تحت غریب بچوں کے تعلیمی وظائف دیے جاتے ہیں، بلاسود قرضے اور آمدن کا پروگرام بھی احساس کے تحت چلنے والے پروگرامز میں شامل ہے۔ان تمام پروگرامز میں شمولیت کا معیار سروے سے منسلک ہے،ہمارے لئے سروے بہت اہم ہےجو کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ادوار میں کئے جانے والے سروے میں سیاسی عنصر آجاتا تھا لیکن ہم نے اس انداز کو تبدیل کیا ہے اور نئے نظام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، سروے کا عمل ملک میں95فیصد مکمل ہو چکا ہے جس کے تحت ہر گھر کے کوائف لئے جاچکے ہیںاور ہم اس مطابق پروگرام کے معیار بدل رہے ہیں۔غلطیوں کے تدارک کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ لاہور میں سروے دیر سے شروع ہواتھا اس لئے اس کی رفتارکچھ تسلی بخش نہیں.