ماریہ واسطی کو انڈسٹری سے جڑے 20 سال سے زائد عرصہ گزرگیا ہے۔فائل فوٹو
 ماریہ واسطی کو انڈسٹری سے جڑے 20 سال سے زائد عرصہ گزرگیا ہے۔فائل فوٹو

عمران خان کی تبدیلی سے گھبرا گئی ہیں۔ماریہ واسطی

معروف اداکارہ و میزبان ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ دیگرعوام کی طرح وہ بھی وزیراعظم عمران خان کی تبدیلی سے کافی گھبرا گئی ہیں۔

حال ہی میں ماریہ واسطی نے ٹی وی پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان شہزاد اقبال کے مختلف سوالات کے دلچسپ جوابات دیے۔

دورانِ گفتگو میزبان نے ماریہ واسطی کو وزیراعظم عمران خان کی تصویر دِکھائی اور ان سے پوچھا کہ ’جب 2018ء میں آپ سے تبدیلی کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا تو آپ نے جواب دیا تھا کہ ابھی انہیں تھوڑا وقت دیں، اب تین سال گُزر چکے ہیں تو اب آپ کیا کہنا چاہیں گی؟۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ماریہ واسطی نے کہا کہ ’میں ہمارے وزیراعظم سے صرف اتنا کہوں گی کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے کیونکہ ہم بہت گھبرا چکے ہیں۔

ماریہ واسطی نے کہا کہ ’میں خود تبدیلی سے بہت گھبرا چکی ہوں جس پر میزبان نے کہا کہ اب تو حالات بہتر ہورہے ہیں۔‘

اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’دیکھتے ہیں کہ حالات بہتر ہونے تک ہمارا دل اور بلڈ پریشرکتنا ہمارا ساتھ دیتا ہے۔‘

واضح رہے کہ ماریہ واسطی کو انڈسٹری سے جڑے 20 سال سے زائد عرصہ گزرگیا ہے لیکن آج بھی ان کی شہرت بطور ہیروئن یا مرکزی کردار کے لیے کم نہیں ہوپائی۔

ماریہ واسطی کے فنی کیریئر کی بات کی جائے تو اس کا آغاز 90 کی دہائی کے وسط میں ہوا، جب انھوں نے لاہور سینٹر کے ایک لانگ پلے ’سارہ اور عمارہ‘ کے ذریعے ڈیبیو کیا۔

انہیں شہرت بانو قدسیہ کے لکھے ڈرامے ’کلّو‘ سے ملی، جس کے بعد لگاتار کئی یادگار ڈرامے ٹی وی انڈسٹری میں ان کی پہچان کا سبب بنے، جن میں آشیانہ، عورت کا گھر کونسا، کلموہی ،ملکہ عالیہ اور نیک پروین سمیت دیگر قابل ذکر ہیں۔

ماریہ واسطی اس کے علاوہ ’رام چند پاکستانی‘ جیسی بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم میں بھی کام کرچکی ہیں، ماریہ واسطی اب تک 50 کے قریب ڈرامہ سیریلز، درجنوں کے قریب ٹیلی فلموں اور پشتو فلم (یارانہ ) میں بھی کام کرچکی ہیں۔