پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نااہل کرانے کے لیے کل عدالت میں آئینی درخواست دائر کریں گے۔ سندھ کا بجٹ اس وزیرا علیٰ نے پیش کیا ہے جس پر کرپشن کے الزامات ہیں اورآڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 13برس میں سندھ میں 1400ارب کی کرپشن کی گئی ہے، جب سے پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ پر مسلط ہوئی ہے صوبے میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ آج سے تین روز قبل بجٹ سیشن کے دوران جمہوریت کا قتل کیا گیا ،آج سندھ میں جمہوری اقدار کا سوئم ہے، سند ھ میں جمہوریت کو کرپشن کا وائرس لگ گیا ہے،جمہوریت ان کے باپ کی نہیں ہے،ہم جمہوریت کے قاتلوں کو معاف نہیں کریں گے۔
ن کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں اپوزیشن کا کوئی ممبر موجود نہیں،پی آئی سی میںصرف شرجیل میمن اور فریا ل تالپو ر ہیں،دودھ کی رکھوالی پر بلی اور بلے بیٹھ گئے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ بجٹ اجلاس میں پارلیمانی لیڈرز کو تقریر نہیں کرنے دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی بی کے شہید ہونے کے بعد بے بی پرچی کے ذریعے اقتدار میں آگیا، کسی کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، زندگی و موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، سندھ کے ہر ادارے میں کرپشن ہے اور ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ہر ادارے پر ایک ایک پٹیشن دائر کریں گے۔