فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی۔

ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو اجلاس سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی،علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، وسیب کی تقدیر بدلنے کے لیے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے، جنوبی پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں ترقی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، جنوبی پنجاب کے لیے 33 فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کی عوام کی محرومیوں کےازالے کا آغاز ثابت ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ان کی بروقت تکمیل ضروری ہے، ترقیاتی فنڈز منصوبوں پرخرچ کرنے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔