لاہورکے جوہرٹاؤن میں دھماکے سے بھری کار پارک کرنے والا ملزم راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہورکے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جائے وقوعہ پر گاڑی چھوڑ کرآنے والا ملزم بھی گرفتارکرلیا گیا۔ ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کرلی ، پیٹرپال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی عید گل کو ہی دی تھی، اور خود پیٹر پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے 7 روز پہلے گوجرانولہ سے خریدی تھی۔
راولپنڈی سے زیر حراست ملزم فورتھ شیڈول میں شامل ہے ، ملزم عید گل کے دو بھائی بھی فورتھ شیڈول میں شامل ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملزم عید گل متعدد بار بیرون ملک بھی جا چکاہے ، عید گل اپنے خاندان سمیت وزیرستان سے جھنگ منتقل ہوا، عید گل بھائیوں کےساتھ راولپنڈی میں زیادہ وقت گزارتا تھا، ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزم عید گل نے بارود سے بھری گاڑی جوہر ٹاؤن میں پارک کی تھی، ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کرکے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزلاہورکے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، جب کہ دھماکے سے 3 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طورپراورایک رکشہ جزوی تباہ ہوگیا۔ رات گئے تک پولیس نے دھماکے میں نے استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگایا اور بتایا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر ایل ای بی 9928 گیارہ سال قبل 29 نومبر 2010 کو صبح پونے 10 بجے گوجرانوالہ سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں درج ہے۔