مشیر قانونی امور ڈاکٹر بابراعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے دی جانے والی تجویز اور پلان فراڈ ہے ،وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کیا جو انشااللہ ضرو ر پورا ہوگا مگر اس طریقے سے نہیں جس طریقے سے شہباز شریف چاہتے ہیں۔
اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے ایوان کے اندرجو بھی قانون پیش کیا اپوزیشن نے اس کی تضحیک کی، شہباز شریف یہ چاہتے ہیں کہ چند چنے لوگوں کو پارلیمنٹ میں بٹھایا جائے لیکن آئین کے مطابق بنیادی حقوق سے متصادم قانون سازی نہیں ہوسکتی،اپوزیشن لیڈر کی تجویز آئین سے کھلواڑ کے متراد ف ہے۔
بابراعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی ضرورت نہیں ان کا حق پہلے موجود ہے اور وہ تسلیم شدہ ہے اور اس پر عمل ہونا چاہئے، آرٹیکل 106کے مطابق پاکستان کا ہر شہری دنیا کے جس حصے میں بھی ہو وہ ووٹ دینے کا حق رکھتا ہے اور ملک کے جس خطے میں اس کا نام درج ہوگا وہاں وہ ووٹ دے گا۔اپوزیشن سودے بازی چھوڑ دے، اگر پوری اسمبلی بھی چاہے کہ سودے بازی کی جائے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔ اپوزیشن پتلی گلی نہ ڈھونڈیں پارلیمان کا راستہ اختیا ر کریں، آئین کی توہین نہ کریں ، اووسیز پاکستانیوں کو باہر بیٹھ کر سیٹ نہیں چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو سپریم گردانتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی سلامتی کے حوالے سے پارلیمان لیڈرز کو بریفنگ دی جائے گی جس میں تمام متعلقہ ادارے بریف کریں گے،اپوزیشن نے بجٹ پڑھے اعتراض کیا مگر جب فلورپرآیا تواعتراض کسی نے نہیں کیا بلکہ صرف کٹ موشن لائی گئیں، اپوزیشن کا مقصد گرینڈ این آراو ہے جو کسی صورت نہیں مل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خا ن اوراس کے اتحادی آئین کی بالادستی چاہتے ہیں اورآئین کے مطابق حکومتی ایجنڈے میں جوڈیشل ریفارمز اورلا ریفارمز بھی شامل ہیں، میں سب جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کے ان اصلاحات پر اپنی تجاویز دیں اور قانون سازی میں مدد دیں۔