فائل فوٹو
فائل فوٹو

سبزی سستی کیوں بیچی۔ دکاندار کیخلاف مقدمہ درج کرانے والے مجسٹریٹ کی شامت آ گئی

ڈپٹی کمشنر لاہور  مدثر ریاض ملک نے رائیونڈ کے علاقہ میں سستی سبزی فروخت کرنے والے دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کروانے والے مجسٹریٹ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔

سبزی فروش کے خلاف غلط استغاثہ بھرنے پر ڈپٹی کمشنر نے مجسٹریٹ کاشف بشیر سے اختیارات واپس لے لیے اوران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔ ڈی سی لاہورنے مجسٹریٹ کاشف بشیر کو کسی بھی قسم کی پرائس کنٹرول کی چیکنگ سے فوری طور پر روک دیا گیا۔ کاشف بشیر کو پرائس کنٹرول ایکٹ 1977 کے تحت اختیارات دیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ رائیونڈ پولیس نے ’سستی‘ سبزی فروخت کرنے پر دکان دار کو گرفتارکرکے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی کاٹ دی تھی۔ سبزی سستی فروخت کرنے پر درج ہونے والی ایف آئی آرکے متن کے مطابق سبزی فروش وقاص محمد رائیونڈ روڈ پر سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کررہا تھا جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیرکی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔