بہت اچھے ماحول میں بریفنگ دی گئی،فائل فوٹو
بہت اچھے ماحول میں بریفنگ دی گئی،فائل فوٹو

وزیراعظم کا اجلاس میں شرکت نہ کرنا پہلے سے طے تھا .شاہ محمود قریشی

گزشتہ ر وز پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شریک نہیں تھے ۔ اس اہم اجلاس میں شرکاکو پاک امریکہ تعلقات اور افغان امور سمیت داخلی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یہ طے تھا کہ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے کیونکہ وہ بریفنگ سے آگاہ تھے، اپوزیشن ارکان کو صورتحال پر بریفنگ کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سب کا نکتہ نظر سنا گیالیکن اس سے متعلق کچھ نہیں بتا سکتا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت اچھے ماحول میں بریفنگ دی گئی، افغانستان ،مقبوضہ کشمیر اور اندرونی سیکیورٹی پر بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں داخلی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے اجلا س میں بریفنگ دی۔