اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے مراد علی شاہ کے خلاف دائرکی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ صاد ق اور امین نہیں انہوں نے دہری شہریت کے باوجود 2007 میں الیکشن لڑا ،انہیں 2013میں دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا تھا،اور الیکشن کمیشن میں جھوٹے حلف نامے درج کرائے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کیاجائے جسے عدالت کی جانب سے مسترد کردیا گیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ دلائل دیں اور درخواست قابل سماعت ہونے پر مطمئن کریں۔
دریں اثناءسندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صادق اور امین نہیں، کرپٹ اور نااہل بھی ہیں،سندھ اسمبلی سے پوری طرح سے ناامید ہوچکے ہیں، اسمبلی میں اپنے فائدے کے لئے قوانین بنائے جاتے ہیں،اسمبلی میں ہمار ا موقف نہ سنے جانے پرعدالتوں میں آئے ہیں۔سندھ میں 43 لاکھ ایکڑ اراضی کی جعلی الاٹمنٹ کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے،سپریم کورٹ سندھ کی زمینوں کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے۔