فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ۔ بل کو 6ماہ میں پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا حکم

سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب سے متعلق بل کو 6ماہ میں پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپر یم کورٹ میں گن اینڈ کنٹری کلب ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی،سماعت کے دوران کلب کی انتظامیہ سے متعلق مجوزہ بل عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران آئی پی سی کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلب کے معاملات کو چلانے کا بل تیار ہوگیا ہے،بل کو پارلیمنٹ سے پاس کرایا جا ئے گا،جسٹس عمر عطا بندیال نے نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ کیا کلب نے سی ڈی اے کے یوٹیلٹی بلز ادا کردیے ہیں؟کلب نے کروڑوں روپے بینک میں رکھے ہیں، یوٹیلٹی بلزکی عدم ادائیگی کے باعث کلب ڈیفالٹ کررہا ہے۔

نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے نے بجلی ، گیس اور پانی کا کوئی بل کلب کو نہیں دیا،سی ڈی اے کلب سے 2004سے پراپرٹی ٹیکس مانگ رہا ہے،سی ڈی اے 2004سے اب تک کیوں سو رہا تھا،اگر عدالت حکم دے تو پراپرٹی ٹیکس کے دو کروڑ 30لاکھ ادا کردیں گے۔

جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیے کہ عدالت کلب کے مالی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی،جسٹس عمر عطابندیال نے سوال کیا کہ کیا کلب کے مالی معاملات کا فرانزک آڈٹ کرایا گیا؟، جس پر سیکریٹری آئی پی سی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ فرانزک آڈٹ کرایا گیا ہے جس پر وزارت کو کوئی اعتراض نہیں ۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے سوال کیا کہ کلب سے متعلق بل کتنے عرصے میں پارلیمنٹ سے منظور ہو جائے گا؟جس پر سیکریٹر ی کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری کے لیے ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایک سال میں نہیں چھ ماہ میں بل پارلیمنٹ سے منظورکرایا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔